ملک کے جنوبی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج سے یکم مئی تک جنوبی علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جنوبی سندھ میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے جنوبی حصے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔30 اپریل تک بالائی علاقوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اورژالہ باری کی توقع ہے۔مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، سرگودھا، بھکر، خوشاب، جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں بارش ہونے کی توقع ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ قصور، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش ہونے کی توقع ہے۔ کوہستان، کرم، کوہاٹ، ہنگو، خیبر، وزیرستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔