امریکہ کی پاکستان کے ساتھ وسیع سکیورٹی پارٹنرشپ ختم ہو چکی ہے. امریکی اخبار نیویارک ٹائمز
اپنی ایک رپورٹ ميں اخبار نے دعویٰ کیا ہےکہ امریکہ اور پاکستان کو احساس ہوگیا ہے کہ دونوں کا مل کرکام کرنا مشکل ہے۔ اخبارکا کہنا ہے کہ اوبامہ انتظامیہ رواں سال نومبرمیں مہمند ایجنسی میں پیش آنے والے واقعے میں چھبیس پاکستانی فوجیوں کی شہادت کے بعد سے پاکستانی رویئے کی تبدیلی سے آگاہ ہے اور اب واشنگٹن کی جانب سےدہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم ترین اتحادی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو محدود کر دیا جائے گا تا کہ پاکستان شدت پسندوں کے خلاف کی جانے والی امریکی کارروائیوں اورافغانستان میں نیٹو سپلائی میں رکاوٹ نہ بنے۔رپورٹ میں امریکی حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکہ پر واضح کردیا ہے کہ وہ تعلقات کا از نو سر جائزہ لے رہا ہے اورجب تک جائزہ مکمل نہیں ہو جاتا تعلقات کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ اس پاکستانی پیغام کے بعد امریکہ نے بھی اسلام آباد کے ساتھ تعلقات پرغورشروع کردیا ہے اور نائن الیون کے بعد قائم ہونے والے تعلقات اب پہلے جیسے نہیں رہے،اخبار کے مطابق امریکہ کی جانب سے اب پاکستانی امداد میں بھی کمی کردی جائے گی۔