ملک بھرمیں طوفانی بارشیں،لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کاخدشہ
محکمہ موسمیات نے حالیہ بارشوں کے نتیجے میں 29 اپریل تک بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلیات اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورت حال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش نے جل تھل ایک کردیا۔لاہور، ملتان، راجن پور، سرگودھا اور بہاولپور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارت سے شروع ہونے والے بارش کے نظام میں شدت آنے کی توقع ہے، جس سے آج وسطی اور شمالی پنجاب میں بڑے پیمانے پر بارش کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد ، مری ، ایوبیہ نتھیا گلی چھانگلہ گلی باڑیاں میں بھی بارش ہورہی ہے۔ لینڈسلائیڈنگ کے خدشات محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہ سکتا ہے، گلیات مری میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے۔اسی طرح بارشوں کا نیا سلسلہ ایک بار نیلم آزاد کشمیر میں داخل ہوگیا، صبح سے شروع ہونیوالی بارش نے موسم کو مزید سرد کر دیا ، شاہراہ نیلم چلہانہ تا شاردا ٹریفک کے لیے کھلی ہے جبکہ کیل شیخ بیلہ کے مقام پر آنے والی سلائیڈ کو صاف کرنے کا عمل کل سے جاری ہے ۔