حکومت کے 10 بڑے لوگ زکوٰۃ ادا کریں تو عالمی امداد کی ضرورت ہی نہ پڑے: امیر جماعت اسلامی سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت کے 10 بڑے لوگ اگر اپنی دولت کی زکوٰۃ دیں تو عالمی اداروں کی ضرورت ہی نہ پڑے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا سیاسی جماعتیں سیاست ایک طرف رکھیں، موجودہ حالات میں پوری قوم کو متفق ہو کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیشگوئی کے باوجود لوگوں کو بچانے کا انتظام نہیں کیا، جب تک کوئی سانحہ رونما نہ ہوجائے حکومت سوتی رہتی ہے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں جاگیر داروں نے اپنی زمینیں بچانے کے لیے لوگوں کی طرف پانی چھوڑا، کوہستان میں لوگوں کو بچانے کے لیے میں نے خود بھی فون کیا لیکن بے حس سیاستدانوں کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔