پاکستان جموں وکشمیر کے بارے میں اپنے اصولی موقف پرہرگزسمجھوتہ نہیں کریگا:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کے بارے میں اپنے اصولی موقف پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کریگا اور کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں جمعرات کے روز سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سلسلے میں بھارت سے کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریگا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری نہ تو تنہا تھے اور نہ ہی تنہا ہیں۔ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ایوان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بحث کا آغاز کر دیا ہے۔قائد حزب اختلاف راجہ ظفرالحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیرقانونی اقدامات پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ہونا چاہئے اور انہیں اس کے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے۔پیپلزپارٹی کی شیری رحمن نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتا۔محمد علی سیف نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کی حمایت کیلئے بیانات سے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تجویز پیش کی کہ آزادجموں و کشمیر کی حکومت کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کا ترجمان قرار دیا جائے اور آزادکشمیر کے وزیراعظم کو اس سلسلے میں مکمل سہولت فراہم کی جانی چاہئے۔