لوک گیت گانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں
عالم لوہار اُن گلوکاروں میں سے ایک تھے جنہوں نے اپنے بل بوتے پر نام کمایا۔ انہیں بچپن سے ہی موسیقی سے لگاؤ تھا مگر والدین کو یہ شوق ایک آنکھ نہ بھایا۔ اِسی بنیاد پر انہیں گھر کو بھی خیرباد کہنا پڑا۔ وہ تھیٹر سے وابستہ ہو گئے اور کم عمری میں ہی بڑا نام کما لیا۔ انہوں نے ریڈیو،ٹی وی اور فلم انڈسٹری میں بھی اپنا لوہا منوایا۔لوک فنکار نے قصہ کربلا، قصہ یوسف زلیخا، سیف الملوک اور ہیر وارث شاہ سمیت کئی لوک داستانیں گائیں۔ انہیں ہیر وارث شاہ کو چھتیس انداز میں گانے پر ملکہ حاصل تھا مگر جگنی نے عالم لوہا کو چار دانگ عالم متعارف کرا دیا۔صدر ایوب خان عالم لوہار کے بڑے مداحوں میں سے ایک تھے، انیس سو اکہتر میں ملکہ برطانیہ بھی اُن کی میزبان بنیں۔عالم لوہار یکم مارچ انیس سو اٹھائیس کو گجرات میں پیدا ہوئے۔ موسیقی کو نئی جہت بخشنے والے لوک فنکار تین جولائی انیس سو اناسی کو ایک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئے تھے۔