ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 2443ہوگئی ، 34 جاں بحق
ملک بھر میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2443، جبکہ مزید 7اموات کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 34 ہوگئی ۔ جی این این کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، موذی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 34 ہوچکی ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس کے 22 نئے کیسز سامنے آ گئے، صوبے میں مریضوں کی تعداد 783جبکہ ملک میں2443 ہو گئی، کراچی میں 6 اورحیدرآباد میں 14 اور گھوٹکی میں تبلیغی جماعت کے 2 ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ سندھ میں 65 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں جس میں سکھر قرنطینہ سے55 صحت مند افراد اپنے گھروں کو چلے گئے۔ پنجاب مہلک مرض میں مبتلا افراد میں بدستورسرفہرست ہے۔ جہاں متاثرین کی تعداد 922 ہے۔ خیبر پختونخوا میں37نئے کیسز سے مریضوں کی تعداد 311 ہوگئی ہےجبکہ صوبے میں 9 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں کورونا مریضوں کی تعداد169 ، گلگت بلتستان میں187 ، اسلام آباد میں 62 ، اور آزاد کشمیر میں 9 ہے۔ دوسری طرف وائرس سے متاثرہ افراد کی صحت یابی کی خوش گوار اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔سکھر قرنطینہ ، گلگت بلتستان ،سکردو ،کراچی ،ٹھٹھہ، خیرپور، پشاور ،لاہور اور دیگر علاقوں کے 55زائرین کو ٹیسٹ نیگیٹو آنے پر اپنے اپنے گھروں کو بھیج دیا گیاجن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔