بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار، امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش ایک بار پھر مسترد کردی
بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کو ایک بار پھر مسترد کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر مسئلہ کو کشمیر پاکستان اور بھارت کا معاملہ قرار دیا ہے اور اس حوالے سے تیسرے فریق کی مداخلت کو مسترد کردیا۔بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بنکاک میں آسیان اجلاس کے دوران امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی جس کا حوالہ دیتے ہوئے جے شنکر نے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا۔
بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے نئی دلی کے ارادے سے امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کردیا ہے۔
جے شنکر نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کو واضح طور پر بتادیا ہےکہ کشمیر پر کسی بھی قسم کی بات چیت صرف پاکستان کے ساتھ ہی کی جائے گی۔