فیس بک نے سعودی حکومت کی حمایت کرنے والے 350 اکاؤنٹس معطل کردیے
اس ایکشن سے قبل فیس بک نے سعودی عرب کی مبینہ مخالفت کے لیے ایران سمیت دیگر مشرق وسطی ممالک سے چلائے جانے والے جعلی فیس بک اکاؤنٹس بند کیے تھے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے یکم اگست کو فیس بک پر سعودی عرب کی حکومت کا پروپیگنڈا عام کرنے اور مبینہ طور پر علاقائی حریفوں کے خلاف استعمال ہونے والے اکاؤنٹس کو معطل کردیا۔ فیس بک انتظامیہ کے مطابق جن اکاؤٹس کو معطل کیا گیا وہ مبینہ طور پر سعودی حکومت سے منسلک افراد چلا رہے تھے۔ جن اکاؤنٹس اور پیجز کو معطل کیا گیا ہے ان پر مبینہ طور پر سعودی حکومت کی حمایت اور ان کے سیاسی پروپیگنڈا کی پرچار کی جاتی تھی۔