اسلام آباد چڑیا گھر میں ویک اینڈ پر نہ صرف مقامی شہروں بلکہ دوسرے شہروں سے آنے والے سیاحوں کا بھی رش رہا
وفاقی دارالحکومت میں شہریوں نے ویک اینڈ پہ تفریح کا پروگرام بنایا اوررخ کیا چڑیا گھرکا، بڑے،نوجوان،بچے سبھی کی خواہش تھی کہ سرسبزچڑیا گھر کے پرفضا ماحول میں شرارتیں کرتے جانوروں کو دیکھیں، ننھے بچے جب اٹھکیلاں کرتے بندروں اور اپنے من پسند ہاتھی کاون سے ملے توان کی خوشی قابل دید تھی۔
مقامی افراد کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی طلبا نے چڑیا گھر کا رخ کیا، جن کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد سیر و تفریح کے لیے آئے اور سب سے پہلے وہ اپنے پسندیدہ جانوروں کو دیکھنے آئے ہیں، سیاح چڑیا گھرمیں کچھ ماہ قبل آنے والے شیر کے جوڑے کو دیکھ کر خاصے خوش دکھائی دیئے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ زندگی کے مصروف شب وروزمیں سیرو تفریح کے لمحات ذہن کوتروتازہ کر دیتے ہیں۔