نواز شریف اور بانی متحدہ کو پاکستان کے حوالے کیا جائے: فواد کا برطانیہ سے مطالبہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے برطانیہ سے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور بانی ایم کیو ایم کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ برطانوی حکومت نواز شریف اور بانی ایم کیو ایم کو پاکستان کے حوالے کرے یہ ملزمان پاکستان کی عدالتوں کو مطلوب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان ملزمان کی برطانیہ میں رہائش انصاف کے بنیادی اصولوں کی پامالی ہے۔ دو روز قبل نجی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ نوازشریف اور آصف زرداری کی پاکستان میں سیاست ختم ہو چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مائنس ون وہاں ہوتا ہے جہاں لیڈر پارٹی سے چھوٹا ہو، جہاں لیڈر پارٹی سے بڑا ہو وہاں مائنس کیسے ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے لندن میں بے نامی پراپرٹیز بنائیں مگر انہوں نے کہا یہ اپارٹمنٹ ہمارے نہیں ہیں، جب یہ کیس پاکستان میں شروع ہوا تو پتہ چلا کہ 16 آف شور کمپنیاں بنائی گئیں۔