سپریم کورٹ نےآئل ٹینکرز گمشدگی کیس میں نامزد ملزم محمد اسلم کی ضمانت منظور کرلی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے نندی پور پاور پلانٹ و آئل ٹینکرز گمشدگی کیس میں نامزد ملزم محمد اسلم کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ملزم کو دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست ضمانت نمٹا دی۔ جمعرات کو سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم نے تین رکنی بینچ کی سربراہی کرتے ہوئے نیب پر اظہار برہمی کیا ْ جسٹس مشیر عالم کا کہنا تھا کہ نیب امتیازی سلوک نہ کرے۔ عدالت نے آبزرویشن دی کہ مجموعی طور پر ایک سو چونتیس ٹینکر گم ہوئے اورنیب نے اس ملزم کو پکڑ رکھا ہے جس پر چھ ٹینکرز غائب کرنے کا الزام ہے،اس کیس میں نیب نے سب ملزمان کو گرفتار کیوں نہیں کیا۔ جسٹس قاضی محمد امین کا کہنا تھا کہ نیب کرپشن کو ختم کرے ، کرپشن بہت زیادہ ہورہی ہے ، ملزمان کے ساتھ برابری کا سلوک ہونا چاہئے ۔ نیب کے پراسیکیوٹر کا کہنا تھاکہ ہم نے سب سے پہلے منصوبہ ساز پر ہاتھ ڈالا ہے،جسٹس مشیر عالم کا کہنا تھا کہ ایک ملزم نے بارہ ، دوسرے نے سترہ ، تیسرے نے تیرہ آئل ٹینکر غائب کئے لیکن نیب نے ان سب کو چھوڑ کر چھ ٹینکرز غائب کرنے والے کو گرفتار کرلیا۔