حکومت پائیدار اور مستحکم معیشت کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے:ڈاکٹر فردوس
اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے ایک حقیقی لائحہ عمل وضع کیا ہے۔پاکستان ٹیلی ویژن کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار اور مستحکم معیشت کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام اور غریب دوست بجٹ پیش کرے گی تاکہ سماجی تحفظ یقینی بنایا جا سکے جو حکومت کی اہم ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق بجٹ میں کفایت شعاری کے اقدامات اور پسماندہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان کی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔معاون خصوصی نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کا مقدمہ دو ہزار پندرہ میں قائم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے جو کسی حکومتی مداخلت کے بغیر اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔