سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی قرعہ اندازی منگل کو ہوگی
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق قرعہ اندازی میں ایک دن کی تاخیر بینکوں کی درخواست پر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری قرعہ اندازی کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ اس سال حج کیلئے دو لاکھ سولہ ہزار پانچ سو بیالیس عازمین نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق25 فروری سے د رخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ تک نامزد بینکوں میں مجموعی طور پر دو لاکھ سولہ ہزار پانچ سو بیالیس درخواستیں وصول کی گئی ہیں۔وزارت کا کہنا ہے کہ درخواست دہندگان کو ان کی درخواستوں کی وصولی کے بارے میں ان کے موبائل فون پر ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔وزارت نے درخواست گزاروں کو ویب سائیٹ پر اپنے کوائف کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے اور کسی غلطی کی صورت میں ٹیلی فون نمبروں051-9216980 اور051-9216982 پر رابطہ کرکے اسے درست کرالیں۔حج پالیسی2019 ء کے مطابق ابتدائی طور پر ایک لاکھ چوراسی ہزار دوسو دس پاکستانیوں نے فریضہ حج ادا کرنا تھا جن میں سے ایک لاکھ سات ہزار پانچ سو چھبیس عازمین نے سرکاری حج سکیم اور دیگر عازمین نے حج گروپ آرگنائزرز کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کرنا تھی۔ تاہم بعد میں سعودی حکومت نے پاکستانیوں کا حج کوٹہ بڑھا کر دو لاکھ کر دیا۔سرکاری حج سکیم کے تحت اسی سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں اور گزشتہ تین سال2016 ء سترہ اور اٹھارہ کے دوران قرعہ اندازی میں مسلسل ناکام رہنے والے عازمین کے لئے دس ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔اسی طرح سرکاری حج سکیم کے تحت ایک اعشاریہ پانچ فیصد ہارڈ شپ کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹ اداروں یا کارپوریٹ سوشل Responsibility کے تحت ورکرز ویلفیئر فنڈ میں درج کم تنخواہ دینے والے اداروں اور کمپنیوں کے لئے پانچ سو عازمین کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔