گیلانی خاندان کا طویل انتظار ہوا ختم، اداسیاں مٹ گئیں،بلاآخر علی حیدر گیلانی بخیروعافیت گھر واپس پہنچ گئے،علی حیدر گیلانی کو خصوصی طیارے کے ذریعے افغانستان سے پاکستان لایا گیا لاہور ائیرپورٹ پر اہل خانہ کی جانب سے بھرپور استقبال کیا گیا۔۔۔ علی حیدر گیلانی نے جہاز سے اترتے ہی سجدہ شکر ادا کیا، اور زمین کو بوسہ دیا علی حیدر اپنی والدہ سے گلے لگ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے، آنکھیں فرط جذبات سے نم ہوگئیں، بیٹے کو اٹھا کو خود بھی آبدیدہ ہو گئے،بہنیں اپنے بھائی بر واری واری گئیں تو بھائی بھی خوشی سے نہال تھے۔۔۔علی حیدر گیلانی بھائی عبدالقادر گیلانی کے ہمراہ اپنے6 سالہ بیٹے کے ساتھ گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھے،انہوں نے بازیابی کے بعد گاڑی میں ہی پہلی سیلفی بھی لی،حیدر علی گیلانی کو سخت سیکیورٹی میں گیلانی ہاؤس پہنچایا گیا،حیدر علی گیلانی کی رہائش گاہ پر کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کیلئے موجود تھی،علی حیدر گیلانی کی گاڑی پر گل پاشی کی گئی، وہ ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے، علی حیدر گیلانی کو قرآن کے سائے میں گھر داخل کیا گیا،جس کے بعد بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔علی حیدر گیلانی کو نو مئی دوہزار تیرہ کی انتخابی مہم کے دوران نامعلوم افراد نے ملتان میں ریلی کے دوران اغوا کر لیا تھا۔ تاہم انہیں تین سال بعد افغانستان کے شہر غزنی سے بازیاب کرایا گیا۔
علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ وہ خاندان کے ساتھ مل کر نارمل زندگی گزارنا چاہتے ہیں بازیابی پر امریکی اور افغان فورسز کے مشکور ہیں،علی حیدر کی بازیابی کے بعد کابل سے لاہور تک کے سفر پر ایک نظر اس رپورٹ میں
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو افغان شہر غزنی میں ایک آپریشن کے بعد بازیاب کرایا گیا، علی حیدر کو بگرام ائیربیس پر پہنچایا گیا جہاں ان کا میڈیکل چیک اپ بھی ہوا، ایک رات کابل میں گزارنے کے بعد افغان حکام نے انہیں کابل ائیرپورٹ پر پاکستانی سفیر سید ابرار حسین کے حوالے کیا،پاکستانی سفیر سید ابرار حسین نے افغان فوج کے نائب سربراہ سے ملاقات میں ان کا شکریہ ادا کیا،،بازیابی کے بعد کابل ائیرپورٹ پر علی حیدر گیلانی کی جاری ہونے والی تصاویر اور فوٹیج میں ان کی بڑھی ہوئی داڑھی اور بال بخوبی دیکھے جاسکتے ہیں،، حوالگی کے وقت علی حیدر گیلانی نے سفید رنگ کی ٹی شرٹ اور سیاہ ٹراؤزر زیب تن کر رکھا ہے،جبکہ انہوں نے چشمہ اور سر پر ہیٹ بھی پہن رکھا ہے۔ علی حیدر گیلانی کافی خوش نظر آرہے ہیں۔ اس وقت گفتگو کرتے ہوئے علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنے خاندان کے ساتھ مل کر نارمل زندگی گزارنا چاہتے ہیں،بازیابی طبی امداد اور تحفظ دینے پر امریکی اور افغان فورسز کے مشکور ہیں علی حیدر گیلانی کو خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان روانہ کیا گیا۔
علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے بعد لاہور اور ملتان میں یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہوں کے باہر کارکنوں اور ان کے دوستوں کا جم غفیر موجود ہے،کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال رہے ہیں
لاہور میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ کے باہر جیالے حیدر علی گیلانی کی گھر واپسی پر جشن منا رہے ہیں، شدید گرمی بھی کارکنوں کے حوصلے پست نہ کرسکی، کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے، اور نعرہ بازی کرتے رہے۔آنے والے کارکنوں کیلئے کھانا کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، گھر کے قریب شاہراہ سے گزرنے والے راہگیروں کیلئے شربت کی سبیل بھی لگائی گئی،جہاں سے گزرنے والوں کی تواضع ٹھنڈے شربت سے کی جا رہی ہے،،، علی حیدر گیلانی کی رہائش گاہ پر عزیزواقارب اور دوست احباب کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ادھر ملتان میں گیلانی ہاؤس کے باہر بھی جشن کا سماں ہے، مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کارکنوں کی جانب سے بھی مٹھائیاں تقسیم کی جارہی ہیں، جب کہ ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی جاری ہے،