برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف سے بھارتی تاجر سجن جندال کی ملاقات بیک چینل ڈپلومیسی کا حصہ تھی

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سجن جندال کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات بیک چینل ڈپلومیسی کا حصہ تھی۔۔ ملاقات پر سیاسی قیادت نے عسکری قیادت کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔۔ بھارت میں سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے ارب پتی تاجر سجن جندال نے گزشتہ ماہ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔ دفتر خارجہ نے اس غیر رسمی ملاقات کو نجی قرار دیتے ہوئے اس پر بات کرنے سے انکار کیا تھا جبکہ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے اسے دو دوستوں کی ملاقات قرار دیا تھا۔۔۔ بی بی سی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے سجن جندال کے دورہ پاکستان کے بارے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اعتماد میں لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے فوجی قیادت کو بتایا ہے کہ سجن جندال اہم بھارتی حکام کی ایما پر ان سے ملے تھے اور یہ ملاقات بھارت اور پاکستان کی کشیدگی کم کرنے کی بھارتی کوشش کا حصہ ہے۔ تاہم فوجی قیادت نے واضح کیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا معاملہ بیک چینل ڈپلومیسی کا حصہ نہیں ہونا چاہیے۔۔ اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔۔ دوسری طرف حکمران جماعت کے ایک رہنما کے مطابق وزیراعظم نے سجن جندال سے ملاقات کے مندرجات کے بارے میں کوئی بات نہیں کی ہے البتہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کو بتایا ہے کہ سجن جندال دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم سے سجن جندال کی ملاقات پر سیاسی جماعتوں نے سوالات اٹھائے اور اسے خفیہ رکھنے پر بھی شکوک وشبہات کا اظہار کیا ہے