دنیا میں جو آدمی عمران خان جتنا مقبول ہوتا ہے اسے ختم کردیا جاتا ہے، قوم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے: شیخ رشید
پشاور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج قوم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے، دنیا میں جو آدمی عمران خان جتنا مقبول ہوتا ہے اسے ختم کردیا جاتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام رنگ روڈ پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان سے کہا ہے لاہور کے جلسے پر نظر ثانی کریں، عمران خان کو واپس لائیں گے، ان کے لیے جیلوں کو بھردیں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگلے ماہ کی 29 تاریخ کا وقت دیتا ہوں عمران خان کو امن کے راستے واپس لے کر آئیں گے، 16 تاریخ کو کراچی میں ایم کیو ایم کے ساتھ ہیلو ہائے کروں گا، صدر کے خلاف تحریک کو ناکام کریں گے۔سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وہ مراسلہ خود دیکھا جس میں پاکستان کو دھمکی دی گئی، ہمارے لیڈر نے دنیا بھر میں مسلم امہ کا مقدمہ لڑا، مراسلہ میں نے خود پڑھا جس میں لکھا تھا عمران خان کو ہٹایا جائے۔