شہر قائد میں جانوروں کی باقیات و کچرے کے ڈھیروں سے تعفن اٹھنے لگا
کراچی میں بارشوں کے بعد شہر بھر میں صورتحال بہتر نہیں ہوسکی جب کہ برساتی پانی کی نکاسی کے بعد قربانی کی باقیات اور گندگی کے ڈھیروں سے تعفن اٹھ رہا ہے۔ شہر بھر کے سیوریج نظام کی خرابی کے باعث بیشتر سڑکوں پر گٹر ابل رہے ہیں جس سے تعفن پھیل رہا ہے، بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی اور واٹر بورڈ کی نااہلی سے شہری دہری اذیت میں مبتلا ہوگئے۔ گلستان ظفر سندھی مسلم سوسائٹی،سرجانی ٹاؤن، لیاقت آباد سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں پھیلی ہوئی گندگی اور غلاظت سے شہریوں کا جینا محال ہوگیا ہے ۔ گلستان ظفر سندھی مسلم سوسائٹی بلاک ٹو، سرجانی ٹاؤن ، لیاقت آباد سے تاحال بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی ہے ، بارش پیر کی صبح رک گئی تھی لیکن 3 دن گزر نے کے باوجود ان علاقوں میں برساتی پانی کھڑا ہے۔