اسرائیلی فوج کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا، کم از کم 152 فلسطینی زخمی
اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے احاطے پر دھاوا بول دیا، صیہونی فورسز کے تشدد کے نتیجے میں کم از کم 152 فلسطینی زخمی ہوگئے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق مسجد الاقصیٰ کو چلانے والے اسلامی اوقاف نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس جمعہ کو طلوع فجر سے پہلے ہی مسجد میں میں داخل ہوگئی جہاں ہزاروں نمازی صبح کی نماز کے لیے مسجد میں موجود تھے۔طبی عملے نے بتایا کہ رمضان المبارک کے آغاز کے بعد مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے میں یہ پہلی جھڑپ ہے۔اسرائیلی پولیس کے مطابق جمعہ کو طلوع فجر سے پہلے درجنوں نقاب پوش افراد نے مسجد الاقصیٰ کی جانب مارچ کیا اور آتش بازی کی جس کے بعد ہجوم نے مغربی دیوار کی جانب پتھراؤ کیا۔