ووٹ کوعزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹ کو ٹکے ٹوکری کر دیا ہے۔شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آئینی ترمیم کے مسودے کاپہلا رائونڈ جیت لیا، مفتی محمود مرحوم نے بھی تنہا ذوالفقار علی بھٹو کو شکست دی تھی۔ اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ووٹ کوعزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹ کو ٹکے ٹوکری کر دیا ہے، ووٹ کا جمعہ بازار لگا رکھا ہے، کسی کے پاس آئینی مسودے کی کاپی نہیں، یہ عوام کو کیا اعتماد میں لیں گے،انہوں نے کہا کہ جمہوریت پر ہمیشہ رات کے اندھیرے میں شب خون مارا گیا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ امید ہے 30 ستمبر تک ملکی سیاست کا اتار چڑھا ئوفیصلہ کن ہو جائے گا ، 30 ستمبر کو پتہ چلے گا کہ سیاسی اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔