پاک فوج کا اس سے پہلے کبھی اتنا سخت بیان نہیں دیکھا۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملکی جنگی محاذوں پر فتح حاصل کرنے والے کو غدار قرار دیا گیا، سیاچن اور کشمیر میں آزادی کے جھنڈے گاڑنے والے کو غدار کہنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ کشمیری رہنماء سردار غلام عباس کی برسی کی تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والے کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا اس سے پہلے کبھی اتنا سخت بیان نہیں دیکھا، حالات بگڑتے دیکھ رہا ہوں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمیں آپس کے اختلافات ختم کرنے چاہئیں۔ سردار غلام عباس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے تدفین کے لیے پاکستان کا انتخاب کیا، وہ پاکستان اور کشمیر کو ایک دیکھنا چاہتے تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میری بچپن کی خواہش تھی کے یوپی اور سی پی کا مسلمان جاگے اور اب ایسا ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے واقعی کشمیریوں کے ہاں سے ہاں ملانی ہے تو آپ کو خون کے نذرانے پیش کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کا بیس کیمپ ہے، تمام کشمیری سیاست دان اپنی پارٹیاں پاکستان میں پھیلائیں۔ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی کو میں نے انتہائی قریب سے دیکھا ہے۔