پرویزمشرف سنگین غداری کیس کاتفصیلی فیصلہ آج جاری ہوگا
اسلام آباد کی خصوصی عدالت سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا تفصیلی فیصلہ جمعرات (آج) جاری کرے گی۔ رجسٹرار خصوصی عدالت کے مطابق پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا تفصیلی فیصلہ آج دوپہر 12 بجے جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو آرٹیکل 6 کے تحت سنگین غداری کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت کا حکم دیا تھا ۔ جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا تھا۔عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیے کہ مشرف نے 3نومبر 2007 کو آئین پامال کیا۔ خصوصی عدالت نے دو ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا۔ ایک جج نے فیصلے سے اختلاف کیا۔۔ یاد رہے کہ خصوصی عدالت کے فیصلے پر پرویز مشرف کی قانونی ٹیم سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتی ہے، تاہم اگر عدالت عظمیٰ بھی خصوصی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتی ہے تو آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت صدر مملکت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ مجرم کی سزا کو معاف کرسکیں۔