کورونا وائرس، وائٹ ہاوس کانگریس کے کئی ارب ڈالرز کا بل روکنے کےلئے کوشاں
امریکہ کی کانگریس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ترتیب دیے جا رہے کئی ارب ڈالر کے منصوبے کو صدر ٹرمپ کی انتظامیہ روکنے کے لیے کوشاں ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق کانگریس میں ترتیب دیے جا رہے منصوبے کے تحت ریاستوں کو اضافی اربوں ڈالرز دیے جائیں گے جس سے ریاستیں کرونا کے ٹیسٹس کی تعداد میں اضافہ اور کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی نشاندہی کر سکیں گی۔ منصوبے کے تحت سینٹرل ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) سمیت دیگر اداروں کو بھی اضافی فنڈ فراہم کیا جائے گا تاکہ وبا کی صورتِ حال کو کنٹرول کیا جا سکے۔سینیٹ میں حکومتی جماعت ریپبلکن پارٹی کے سینیٹرز کوشش کر رہے ہیں کہ ایک اور کرونا وائرس ریلیف بل بنایا جا سکے۔اس بل کا بنیادی مقصد امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کو کنٹرول کرنا بتایا جا رہا ہے۔امریکی اخبار 'واشنگٹن پوسٹ' کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کے موقف پر حکومتی جماعت کے کچھ سینیٹرز خوش نہیں ہیں۔ یہ سیاست دان کوشش کر رہے ہیں کہ ریلیف بل میں مختص رقم برقرار رہے۔ریپبلکن اور ڈیموکریٹس کے درمیان اس بل کے حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں برس نومبر میں صدارتی انتخابات سے قبل یہ آخری کرونا وائرس ریلیف بل ہوگا۔