صرف عید پر ویکسین سینٹرز بند رہیں گے : این سی او سی
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا جس میں عید قرباں سے متعلق ایس او پیز پہ عملدرآمد اور کراچی اور گلگت بلتستان میں وبا کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔ این سی او سی نے سندھ حکومت کی جانب سے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیے جانے والے اضافی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ این سی او سی کی جانب سے گلگت بلتستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے 500 آکسیجن سلینڈرز اور 30 وینٹیلیٹرز کا اضافہ کیا گیا ، فورم کو ویکسینیشن کی استعداد بڑھانے پربریفنگ دی گئی ، اس وقت ملک میں روزانہ ساڑھے پانچ لاکھ ویکسینز لگائی جا رہی ہیں۔ این سی او سی نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے افراد اور طلبا کے لیے موڈرنا ویکسین کی وافرمقدار ویکسینیشن سینٹرز کو مہیا کر دی گئی ہے۔