پاک چین تعلقات نئے دو رمیں داخل ہوچکے ہیں۔ رانا بابرحسین
لاہور(آن لائن ) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات نئے دورمیں داخل ہوچکے ہیں۔ چینی قیادت کی انتھک محنت کی بدولت چین آج دنیا کی بڑی معاشی قوت بن چکا ہے اور چینی قوم نے 700 ملین افراد کو غربت سے نکالنے کا عظیم کارنامہ بھی کر دکھا یا ہے - چین کی قیادت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں، انتھک محنت اور سفارتکاری کے باعث پائیدار ترقی کی ہے- چین کے صدر کے اس ویژن اور بصیرت کو ہم سلام پیش کرتے ہیں- ہمیں بھی چین کے ماڈل کو اپناتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اور ترقی کا سفر طے کرنا ہے - انہوںنے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے اور چین نے بڑے معاشی منصوبے شروع کرنے میں پاکستان سے بھرپور تعاون کیا ہے -انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے میں چین نے بھرپور تعاون کیا ہے جس پر چینی قیادت کے شکر گزار ہیں - انہوں نے کہا کہ تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج چین کی قیادت کا پاکستان کی قیادت ، حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار اور پاکستان کے عوام سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے - انہوںنے کہا کہ چین کی قیادت اور حکومت نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے ہم ہر حال میں ان کی توقعات پر پورا اتریں گے اور دو طرفہ معاشی تعاون کو بڑھانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔