پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ عالمی فضائی مشق ’’شاہین ہفتم‘‘ اختتام پذیر
مشترکہ عالمی فضائی مشق شاہین ہفتم کے اختتام پر پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل محمد حسیب پراچہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چن ون رانگ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔اس مشق کا بنیادی مقصد فضائی افواج کو حقیقی جنگی ماحول میں تربیت فراہم کر کے ان کی عملی تربیت میں اضافہ کرنا تھا۔ معزز مہمانوں نے مشق کے معائنہ سیل کا دورہ کیا اور مشق کے انعقاد کے طریقہ کار کا مشاہدہ کیا۔بعدازاں پاک فضائیہ اور چینی فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں نے عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔ ایئر مارشل محمد حسیب پراچہ نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان مشق کے شاندار انعقاد کو سراہا۔