رشی سوناک برطانیہ کے پہلے بھارتی نژاد وزیرا عظم بننے کے قریب
کنزرویٹو پارٹی کی قیادت کی دوڑ سے دیگر امیدواروں کی جانب سے دستبردار ہونے کے اعلان کے بعد رشی سوناک پیر کو برطانیہ کے وزیر اعظم منتخب ہو جائیں گے، انہیں معیشت کی بحالی کا چیلنج درپیش ہوگا جس کے سبب لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں اداروں ‘رائٹرز’ اور ‘اے ایف پی’ کے مطابق رشی سوناک دولت مند سیاست دان ہیں، بادشاہ چارلس کی جانب سے انہیں حکومت بنانے کا کہا جائے گا، وہ لز ٹرس کی جگہ وزارت عظمی کی ذمہ داری سنھبالیں گے، جو اس عہدے پر صرف 44 دن فائز رہ سکیں۔ان کے وزیر اعظم بننے کی راہ پینی مورڈانٹ کے اس عہدے کے لیے دستبردار ہونے کے بعد ہموار ہوئی جنہیں اراکین اسمبلی کی جانب سے زیادہ حمایت نہیں مل سکی، جبکہ سابق وزیر اعظم بورس جانسن نے ڈرامائی اعلان میں کہا تھا کہ وہ کنزرویٹو پارٹی کی قیادت کی دوڑ سے دستبردار ہو رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آپ اس وقت تک حکومت نہیں کر سکتے جب تک کہ آپ کی پارٹی پارلیمنٹ میں متحد نہ ہو۔