اے این ایف نے 17 ملک گیر کاروائیوں کے دوران35کروڑ 7 لاکھ روپے مالیت کی 215.168کلوگرام منشیات قبضے میں لے لی
راولپنڈی:پاک سر زمین کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 17ملک گیر کاروائیوں کے دوران 35کروڑ7 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی 215.168ٹن منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث 1 افغانی شہری اورایک ہی خاندان کے 3 افراد سمیت 23ملزمان کوگرفتاراور6گاڑیاں بھی برآمد کر لی گئی۔ برآمد شدہ منشیات میں 122.01 کلو گرام چرس،81کلو گرام افیون، 9.61کلوگرام ہیروئن، 1.728کلو گرام ایمفیٹامائن، 3476عدد زیناکس (نشہ آور) گولیاں اور 37 گرام الپرازولم (نشہ آور)گولیاں شامل ہیں۔ اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد جی ٹی روڈ پر واقع 26 نمبر بس اڈا کے قریب سے ایک سوزوکی کلٹس کار قبضے میں لے کر اس میں رکھی گئی12 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود نوشہرہ کے رہائشی ایک ہی خاندان کے تین افرادحسن خان، اسکی بیوی صاحبہ خان اور اسکی بیٹی شیبہ بی بی اور مردان کے رہائشی امتیاز علی کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری کاروائی کے دوران، اے این راولپنڈی نے اسلام آباد جی ٹی روڈ پر واقع 26 نمبر بس اڈا کے قریب سے ایک ٹویوٹا کرولا کار کو قبضے میں لے کر اس میں موجود 4.8 کلوگرام چرس ، ایک 9mm پستول اور 5 گولیاں برآمد کر لیں۔ گاڑی میں موجود پشاور کے رہائشی عنایت الرحمٰن اور یعقوب خان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے قطر ائیرویز کی پرواز نمبر QR-615 کے ذریعے دوہا روانہ ہونے والے خیبر ایجنسی کے رہائشی قمر گُل کو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اسکے سوٹ کیس میں چھپائی گئی 2.7 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ چوتھی کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد جی ٹی روڈ پر واقع 26 نمبر بس اڈا کے قریب سے ایک ٹویاٹا کرولا اور ایک سوزوکی بولان کو قبضے میں لے کر گاڑیوں میں سے بالترتیب6 کلوگرام افیون اور 12 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود بھکر کے رہائشی محمد یوسف اور محمد احمد اور سرگودھا کے رہائشی نعیم اختر کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ پانچویں کاروائی کے دوران، اے این ایف راولپنڈی نے قطر ائیرویز کی پرواز نمبر QR-615 سے دبئی روانہ ہونے والے افغان باشندے محمد نوید کو اسلام آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 798 گرام ایمفیٹامائن برآمد کر لی۔ اے این ایف لاہور نے فیض پور موٹروے ٹول پلازہ ، لاہور کے قریب سے ایک سوزوکی ٹرک کو قبضے میں لے کر اس کے چھت میں چھپائی گئی 72 کلوگرام افیون اور 84 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود صوابی کے رہائشی راجہ ساجد اور فضل محمد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے پاک رینجرز چیک پوسٹ، بی آر پی پُل ، گنڈا سنگھ والا، قصور سے قصور کے رہائشی صوبہ خان کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 3 کلوگرام افیون اور 7 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے قصور کے رہائشی صوبہ صادق کو پاک رینجرز چیک پوسٹ، بی آر پی پُل ، گنڈا سنگھ والا، قصور سے گرفتار کے اس کے سامان سے 5 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ چوتھی کاروائی کے دوران ، اے این ایف لاہور نے کراچی کے رہائشی اکبر علی کو ڈائیوو ایکپریس لاہور ٹرمینل ، ملتان روڈ ، ٹھوکر نیاز بیگ، لاہور سے گرفتار کر کے اس کے ذاتی قبضے سے 2.4 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ پانچویں کاروائی کے دوران ، اے این ایف لاہور نے جی پی او لاہور سے ایک گارمنٹس کا پارسل کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 37 گرام الپروزولم گولیاں برآمد کر لیں۔ چھٹی کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے لاہور میں واقع ایک کورئیر سروس آفس سے امریکہ اور برطانیہ بھیجے جانے والے دو پارسلز کو قبضے میں لے کر ان میں موجود بالترتیب 90 گرام اور 120 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ اے این ایف پشاور نے خیبر ایجنسی کے رہائشی دوست محمد کو العزیزیہ ہوٹل، سخا کوٹ، مالاکنڈ سے گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 900 گرام چرس برآمد کر لی۔ دوسری کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاورنے دیر بالا کے رہائشی افضل خان کو پشاور انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے سامان میں موجود 4 بوتلوں میں چھپائی گئی 305 گرام وزنی 2340 Xanax نشہ آور گولیاں برآمد کر لیں۔ تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دیر زیریں کے رہائشی رحمت اللہ کو گرفتار کر کے اس کے سامان میں موجود 145 گرام وزنی 1136 Xanax نشہ آور گولیاں برآمد کر لیں۔ اے این ایف کوئٹہ نے ایک ہنڈا 125 اور ایک راوی موٹر سائیکل کو قبضے میں لے کر ان پر سوار کوئٹہ کے رہائشی طارق محمود، طارق زمان اور عمر خطاب کے قبضے سے 930 گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر لی۔ اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی کے دوران اے ا ین ایف کراچی نے اقراء یونیورسٹی ، ڈیفنس ویو، کراچی کے قریب سے کراچی کے رہائشی محمد کاشف کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے 610 چرس برآمد کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ملزم مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات کی فراہمی میں ملوث تھا۔ مزید برآں ، اے این ایف منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری پر بھی مکمل توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، اس سلسلہ میں دو مفرور ملزمان سوات کو رہائشی حیات خان کو لوانے درمان،یونین کونسل کالاگی ، سوات جبکہ حیدر آباد کے رہائشی زبیح اللہ کو پی ایس او پٹرول پمپ، مکی شاہ روڈ، حیدر آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔