کون بنائے گا اگلی سرکار، وزارت عظمیٰ کا تاج کس کے سر سجے گا، پاکستان میں تاریخی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل آج ہوگا
بلند و بانگ نعرے، وعدے اور تبدیلی کے دعوے، سیاسی جماعتوں کے قائدین نے انتخابی مہمات کے دوران اپنا اپنا پلان بتا دیا، اب بال آگئی عوام کے کورٹ میں، کون ہو گا وزارت عظمی پر براجمان، قرعہ کس کے نام کا نکلے گا، اس کیلئے کرنا ہو گا بس کچھ اور انتظار۔عوام اپنے اور ملک کے مستقبل کے لیے حق رائے دہی استعمال کریں گے، ملک بھر میں الیکشن کا جوش و خروش عروج پر ہے، سیاسی جماعتوں کے قائدین نے تئیس دن ملک بھر میں نان سٹاپ جلسے جلوس کئے اور ریلیاں نکالیں، حکمران جماعت اپنی کارکردگی گنواتے نظر آئے تو اپوزیشن والے بھی آئندہ حکومت بنا کر ملک کی تقدیر بدلنے کے وعدے کرتے نظر آئے۔سیاسی جماعتوں کے دعوے سننے کے بعد اب عوام اپنا فیصلہ دیں گے، ڈبوں میں سے مسلم لیگ ن کا شیر نکلے گا یا پھر کپتان کا بلا گھومے گا، تیر چلے گا یا پتنگ اڑے گی، عوام کتاب پڑھیں گے، یا کرین سے ترقی کا سفر طے کریں گے، جیپ پر کتنا انحصار ہو گا، عوامی عدالت کا محفوظ فیصلہ بیلیٹ باکس کھلے پر ہی سامنے آئے گا۔