بھارتی اخبار کادعویٰ، کہ اس کے 74 دفاعی اہلکار لاپتہ ہیں
بھارتی اخبار’’انڈین ایکسپریس‘‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت یہ سمجھتا ہے کہ اس کے 74 دفاعی اہلکار لاپتہ ہیں جن میں 71کی جنگ کے54جنگی قیدی پاکستان کی جیلوں میں گرفتار ہیں،،جب کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جنگی قیدی کی اپنی تحویل میں موجودگی کے بھارتی دعویٰ کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ 6 ہزار بھارتی دنیا کے71ممالک کی جیلوں میں مختلف جرائم میں قید ہیں۔رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں کہا ہے کہ چھ ہزار چار سو تنتالیس ہندوستانی71 ممالک کی جیلوں میں بند ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قید جنگی قیدیوں کی رہائی کے لئے بھارتی حکومت نے کئی مرتبہ سفارتی چینلز کے ذریعے اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے دوران پاکستان حکومت کے سامنے یہ مسئلہ اٹھایا ہے لیکن پاکستان اپنی تحویل میں کسی بھی ہندوستانی جنگی قیدی کی موجودگی کو تسلیم نہیں کرتا۔ غیر ملکی جیلوں میں بھارتی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے سوراج نے کہا کہ 257 بھارتی بنگلادیش،117 چین ،145 اٹلی ، 290کویت ، 614نیپال اور 96 قطر کی جیلوں میں بند ہیں۔ امریکہ کی جیلوں میں 291 کے علاوہ برطانیہ کی جیلوں میں 437 بھارتی قید ہیں۔