سی اے اے جعلی لائسنس کے حامل کپتانوں کے خلاف کارروائی سے گریزاں
وفاقی وزیر ہوا بازی کی ہدایت کے باوجود سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) جعلی لائسنس کے حامل کپتانوں کے خلاف کارروائی سے گریزاں نظر آ رہی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے کو تاحال جعلی لائسنس ہولڈر پائلٹس کی فہرست فراہم نہ کی جا سکی، قومی ایئرلائن کے سی ای و ایئر مارشل ارشد ملک اب تک 2 بار ڈی جی سی اے اے کو خط لکھ چکے ہیں۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے حکومت پاکستان کی ہدایت پر پی آئی اے کے 150 پائلٹس کے خلاف انکوائری کی مگر رپورٹ نہیں دی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن نے اپنی انکوائری کے بعد 17 جعلی لائسنس کے حامل پائلٹس کو گراؤنڈ کر کے جہاز اڑانے سے روکا ہوا ہے۔