فرانسیسی سفیر دفتر خارجہ طلب، وزیر خارجہ کا اسلاموفوبیا کے حوالے سے اہم اعلان
فرانس کے سفیر کو دفتر خارجہ نے طلب کر لیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود نے اس سلسلے میں بتایا کہ فرانسیسی سفیر کے ساتھ بیان پر احتجاج کیا جائے گا۔ دوسری طرف وزیر خارجہ نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے آئندہ اجلاس میں، میں وزیر اعظم کی ہدایت پر اس حوالے سے ایک جامع قرارداد پیش کروں گا جس میں 15 مارچ کا دن، اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر طے کرنے کی تجویز دیں گے۔ وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گستاخانہ خاکوں سے پوری دنیا میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، فرانس کے صدر کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا، یہ پہلی مرتبہ ایسا نہیں ہوا، کچھ عرصہ قبل چارلی ہیبڈو نے گستاخانہ خاکے شایع کیے، کبھی قرآن پاک کو جلانے کے واقعات سامنے آتے ہیں، کبھی پتا چلتا ہے کہ حجاب پر پابندی کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔