مودی ہم تمھیں وارننگ دیتے ہیں کہ کشمیریوں کے اوپر یہ ظلم و ستم بند کرو:شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نریندر مودی ہم تمھیں وارننگ دیتے ہیں کہ کشمیریوں کے اوپر یہ ظلم و ستم بند کرو اور تمہارے چیف آف آرمی اسٹاف جو دن رات دھمکیاں دیتے ہیں یاد رکھنا پاکستان نے بڑے صبر سے کام لیا ہوا ہے ، بڑے تحمل سے کام لیا ہوا ہے اگر تمھارا چیف آف اسٹاف اس طرح دھمکیاں دے گا تو پھر ہماری فوج تمھیں وہ سبق سکھائے گی کہ تم ساری عمر یاد رکھو گے ۔ عمران خان نیازی تم کشمیر کو پاکستان کا حصہ نہیں بنا سکتے ، یہ قوم بنائے گی ، پاکستان بنائے گا ، (ن)لیگ بنائے گی اور نواز شریف بنائے گا۔ کشمیر کو پاکستانی عوام اور پاکستان نے آزاد کروانا ہے اور اس کے لئے ہمیں اپنی کمر کسنی ہو گی اورا پنے احوال درست کرنا ہوں گے ۔عمران خان نیازی آج پوری قوم آپ کے لئے نہیں بلکہ اپنے کشمیری بھائیوں کے حقوق کے اور کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے لئے یکسو ہو کر بات کر رہی ہے۔ سعودی عرب جو ایک ہمارا بڑا پیارا برادر ملک ہے اور ایران ہمارا برادر ملک ہے ان کے درمیان ثالثی کے لئے پاکستان نے جو کوشش کی اس کی پوری دنیا ستائش کرتی ہے مگر باہر آپ صلح کروائیں اور اندر لڑائی کروائیں اس طرح آپ کشمیر لینا چاہتے ہیں ، عمران خان نیازی یہ دوغلی پالیسی نہیں چل سکے گی۔کل ( منگل) کو نوازشریف کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہے اس کے لئے لوگ دعا کریں اور آج(پیر)کو قوم کی بیٹی مریم نواز شریف جو اپنے والد کی معالج ہے اس کے لئے دعا کریں ان کی ضمانت ہو تاکہ پاکستان کے اندر انصاف آگے بڑھے اور ملک ترقی کرے ، لڑائی جھگڑے ختم ہوں ، اگر لڑائی جھگڑے جاری رہے تو عمران خان تمھیں اس دنیا میں بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر پربھارتی غاصبانہ حملے کے خلاف یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے ماڈل ٹائون لاہور میں منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، پاکستان مسلم لیگ (ن)لاہور کے صدر اور رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، رکن قومی اسمبلی ملک محمد ریاض ، پاکستان مسلم لیگ (ن)لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نزیر، سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف اور دیگر (ن)لیگی رہنما بھی موجود تھے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم مقبوضہ کشمیر کے اندر جو مودی سرکار نے ظلم اور زیادتی اور ریاستی تشدد کی بدترین مثالیں قائم کی ہیں اور جو فسطائی ہتھکنڈے کئے جارہے ہیں آج پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ یوم سیاہ منا رہی ہے۔ راجا ہری سنگھ نے گٹھ جوڑ کے زریعہ 27اکتوبر 1947 کو کشمیریوں کو بھارت کے حوالہ کرنے کی ایک ناپاک کوشش کی تھی اور پھر پانچ اگست 2019کو مودی نے کشمیر کے اوپر پھر ایک اور وار کیا ۔ لاکھوں کشمیریوں کی قربانیوں سے پوری وادی آج سرخ خون سے بھری پڑی ہے۔ ماں کے انچل پھٹے، بچوں کے ساتھ تشدد کیا گیا ، بزرگوں کو شہید کیا گیا ، ہزاروں گھروں کو مسمار کیا گیا، ہزاروں بہنوں، بیٹیوں کے ہاتھ پیلے ہونے تھے لیکن یہ دنیا کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کی پوری کشمیر وادی کو کھلی جیل بنا دیا گیا ہے۔ میں آج دنیا کے ان ممالک کے ضمیروں کو جھنجوڑنا چاہتا ہوں ، آج پاکستان کے کروڑوں مسلمان اور مسلم دنیا کے اربوں مسلمان آزاد دنیا سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ تمھارا ضمیر آج کہاں سویا ہوا ہے ۔ جب شمالی آئرلینڈ کی بات آئی تو تمام مہذت دنیا کے اکٹھے ہو کر مسئلہ کو حل کروایا ، انہوں نے جنوبی سوڈان میں مذہبی بنیادوں پر سوڈان کی تقسیم کی اور بلقان میں کیا کچھ نہیں ہو ا مگر آج ایک طرف فلسطین اور دوسری طرف کشمیر میں رات دن ظلم اور زیادتی ہو رہی ہے، فسطائی حکومتیں وہاں پر دن رات معصوم مسلمانو ں کا خون بہا رہی ہیں، لیکن آزاد مغربی دنیا سوئی ہوئی ہے اور ان کو کوئی پرواہ نہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کی معیشت کو دن رات مضبوط کرنا ہو گا جس کو عمران خان نیازی نے کھوکھلا کر دیا ہے ، تباہ کر دیا ہے ، دال روٹی آج لوگوں کو نہیں مل رہی، آج لوگ اپنے جسم اور بدن کے بچائو کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب میاں محمد نواز شریف وزیر اعظم تھے تو انہوں نے اقوا م متحدہ میں کشمیر کے لیے بھر پورتقریر کی، پاکستان کی معیشت کو مظبوط کیا، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سی پیک لے کر آیا،پاکستان کے اندر بجلی کے اندھیرے دور کئے ، اللہ تعالیٰ نواز شریف کو صحت اور عمر خضر عطا فرمائے اس کی سربراہی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کشمیری مائوں ،بہنوں اور بھائیوں کے لئے آواز اٹھا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غربت ختم ہو گی، بیروزگاری ختم ہو گی اور معیشت مضبوط ہو گی اور وہ دن آئے گا جب نواز شریف کی قیادت میں ہم کشمیر فتح کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی نے پانچ اگست کو کشمیر میں کرفیو نافذ کیا جو ہنوز جاری ہے ، وہاں پر بچے اور بیٹیاں اسکولوںمیں نہیں جاسکتیں، بازار اور دکانیں بند ہیں اور زندگی ان کے اوپر تنگ کر دی گئی اور پھر مودی امریکہ جاتا ہے اور واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کے ساتھ جلسہ کرتا ہے اور کہتا ہے کہ میں جو اقدامات اٹھا رہا ہوں صدر ٹرمپ میرے ساتھ ہیں اور عمران خان نیازی واشنگٹن جاتا ہے اور کہتا ہے کہ دیکھنا میں جا کران کے جیلوں میں ٹوائلٹ اور ایئرکنڈیشنڈ بند کر دوں گا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر انشاء اللہ اسی طرح پاکستان کی جھولی میں گرے گا اور پاکستان کا حصہ بنے گا جس طرح مشرقی جرمنی ،مغربی جرمنی کی جھولی میں گرا، کیسے مغربی جرمنی کی ترقی اور خوشحالی کی جو مقناطیسی قوت تھی اس نے دیوار برلن کو بغیر ایک گولی چلے گرا دیا اور بڑی بڑی مخالفتوں کے باوجود مشرقی جرمنی اور مغربی جرمنی ایک ہو گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ سے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت ہو چکی، اور گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کو عبوری ضمانت دی اور کل (منگل) کو دوبارہ کیس وہاں پر لگنا ہے، آج (پیر)کو لاہور ہائی کورٹ میں میری بیٹی او ر قوم کی بیٹی مریم نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت ہونی ہے ، میری لوگوں سے درخواست ہے کہ نواز شریف کی صحت کاملہ کے لئیے اللہ تعالیٰ کے سامنے سربسجود ہو کر دعائیں مانگیں کہ اللہ تعالیٰ نواز شریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور ہمارے سروں پر ان کا سایہ ہمشہ کے لیے قائم رکھے ، پاکستان کے اوپر نواز شریف کا سایہ قائم رکھے ، وہ نواز شریف جس نے بل کلنٹن کی پانچ ارب ڈالرز کی پیشکش کو شکریئے کے ساتھ ٹھکرایا اور کہا کہ بھائی کلنٹن یہ نہیں ہو سکتا کہ بھارت پانچ ایٹمی دھماکے کرے اور میں خاموش رہوں ، بھارت نے پانچ ایٹمی دھماکے کیئے اور نواز شریف نے چھ ایٹمی دھماکے کئے اورپاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ نوازشریف کی صحت کاملا کے لئے دعاکریں ابھی پرسوں ان کو دل کی تکلیف ہوئی تھی اور بہت سی دیگر پیچیدگیاں ہیں جن کو ڈاکٹرز دن رات پوری کوشش کے ساتھ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کو شوگر ہے، ہائی بلڈ پریشر ہے اور اب ان کا پلیٹ لیٹس اکائونٹ میں بہت کمی آئی اس کی وجہ نہ ڈینگی تھی اور نہ ان کی ادویات جو وہ دل کے امراض کے لئے لیتے ہیں وہ بھی وجہ نہیں تھی ، و جہ ان کے جسم کے اندر امیون سسٹم درست کام نہیں کر رہا ، ابھی ڈاکٹرز تہہ تک نہیں پہنچے کہ اصل وجہ کیا ہے اور انہوں نے علاج شروع کر دیا ہے۔ ابھی مٹھایاں تقسیم نہ کریں ابھی ان کے لئے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان کو دائعمی صحت بخشے پھر ہم مل کر شکرانے کے نفل ادا کریں گے ۔ اس موقع پر شہبازشریف نے پاکستان زندہ باد، قائد اعظم زندہ باد ، نواز شریف زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگوائے۔ ZS