مشکوک ٹرانزیکشن کیس،آصف زرداری کی عبوری ضمانت میں 3فروری تک توسیع
اسلام آباد ہائیکورٹ نے8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے کیس میں سابق صدرآصف زرداری کی عبوری ضمانت میں 3 فروری تک توسیع کردی۔جمعرات کواسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی ،اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی حکم پرقائم میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ پیش کردی۔ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کی صحت کوغیرتسلی بخش قرار دے دیا۔جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دئیے کہ رپورٹ میں تو لکھا ہے کہ آصف زرداری کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔نیب پراسیکیوٹرسردارمظفرنے عدالت کو بتایا کہ نیب کوابھی تک رپورٹ نہ ملی اور نہ انھوں نے پڑھی ہے۔سابق صدرکے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کو وہی بیماری بتائی جس پر انھیں جیل سے ضمانت ملی تھی۔آصف زرداری کی صحت اب بھی تشویشناک ہے اس لئے انھیں ضمانت دی جائے۔فاروق نائیک کی استدعا پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ پہلے نیب کو میڈیکل رپورٹس لینے دیں۔اسلام ہائیکورٹ نے میڈیکل رپورٹس پر 3 فروری کو دلائل طلب کر لئے۔عدالت نے مزید ریمارکس دئیے کہ میڈیکل رپورٹس پردلائل کے بعد ضمانت کا فیصلہ ہو گا۔