آزادکشمیر کو آئندہ مالی سال میں مطلوبہ فنڈز فراہم کریں گے۔امیرمقام
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان وسیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کو آئندہ مالی سال میں مطلوبہ فنڈز فراہم کریں گے۔ وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت آزادکشمیر میں جاری تمام منصوبہ جات کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ انکے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ اس حوالہ سے اگر کسی منصوبہ کی تکمیل میں کوئی مسئلہ درپیش ہے تو اسکی تفصیل وزارت امور کشمیر کے ساتھ شیر کریں تاکہ اسکا حل نکالا جا سکے۔مانسہرہ مظفرآباد ایکسپریس وے ایک اہم منصوبہ ہے جسکی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اس منصوبہ پر بروقت کام شروع کروائیں گے تاکہ عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں دارالحکومت مظفرآباد میں PSDPکے آزادکشمیر سے متعلقہ منصوبہ جات پر دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آزادکشمیر کے سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات عامر لطیف اعوان نے اس موقع پر وفاقی وزیر کو آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی عمل، PSDP اور آزادکشمیر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاریہ منصوبہ جات، ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے لیے درکار ڈویلپمنٹ فنڈز کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں وفاقی سیکرٹری وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان جواد رفیق ملک، سیکرٹری مالیات لیفٹیننٹ ریٹائرڈ اسلام زیب، سیکرٹری صحت عامہ بریگیڈیئر عرفان احمد، سیکرٹری سماجی بہبود ارشاد احمد قریشی، سیکرٹری، سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس ظہیرالدین قریشی اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر کو آمدہ بجٹ میں اسکا پورا حصہ دیگی۔ آزادکشمیر میں انفاسٹرکچر کی بہتری کے تمام منصوبہ جات بروقت مکمل کیے جائیں گے۔ جب تک انفاسٹرکچر بہتر نہیں ہوتا ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے جن ترقیاتی منصوبوں کے وفاقی وزارتوں سے متعلق مسائل ہیں انکی تفصیل اور حل کے لیے تجاویز تیار کر کے لائیں مسائل حل کروائیں گے تاکہ منصوبہ جات کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کو خواہاں ہے۔ ہمیں کشمیر کی اہمیت کا احساس ہے جس حد تک ممکن ہوا آزادکشمیر کے مالیاتی مسائل حل کریں گے۔