26 ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی
سینیٹ اور قومی اسمبلی سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 711 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز دوپہر تقریبا 12 بجے کے ایس ای-100 انڈیکس 711 پوائنٹس یا 0.83 فیصد بڑھ کر 85 ہزار 961 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 85 ہزار 250 پر بند ہوا تھا۔اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے بتایا تھا کہ پاکستان میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس اور چینی وزیر اعظم کے دورے سے اضافی فنانسنگ کے وعدوں پر سرمایہ کار بہتری کے حوالے سے پر امید ہیں۔9 اکتوبر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 627 پوائنٹس تیزی کے بعد 86 ہزار کی نئی بلند ترین سطح عبور کر گیا تھا، تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ رجحان برقرار نہیں رہا تھا اور انڈیکس 5 پوائنٹس بڑھ کر 85 ہزار 669 پر بند ہوا تھا۔8 اکتوبر کو بھی زبردست تیزی کا رجحان رہا تھا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 753 پوائنٹس اضافے کے بعد 85 ہزار 663 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔7 اکتوبر کو کے ایس ای-100 انڈیکس 1378 پوائنٹس یا 1.65 فیصد اضافے کے ساتھ 84 ہزار 910 پر بند ہوا تھا۔