تھانہ کلچر تبدیل، پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کا مددگار ہونا چاہیے: گورنر پنجاب
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ تھانہ کلچر تبدیل اور پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کا مددگار ہونا چاہیے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے ملاقات کی، ملاقات میں صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے،تھانہ کلچر تبدیل ہونا چاہئے، پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کا مدد گار ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سکیورٹی اداروں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ سموگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں سموگ کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، سموگ کے حوالے سےحکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے، ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر صوبے میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا ہے، حکومت کی جانب سے سموگ سے متعلق دیئے جانے والے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔