بجلی کے بھاری بھرکم بلوں سے پریشان عوام کیلئے بڑی خوشخبری
بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپے ایک پیسے کمی ہونے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے )نے بجلی قیمتوں میں ردوبدل کے حوالے سے نیپرا میں درخواست دائر کر دی، درخواست اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی۔ نیپرا اتھارٹی سی پی پی اے کی درخواست پر 26 نومبر کو سماعت کرے گی، کے الیکٹرک کے صارفین پر اس درخواست کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔ سی پی پی اے کے مطابق اکتوبر میں 9 ارب 98 کروڑ یونٹ بجلی فروخت ہوئی، بجلی کی فیول لاگت 9 روپے 26 پیسے فی یونٹ رہی ، پانی سے 31.06فیصد اور مقامی کوئلے سے 14.79 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ اکتوبر میں درآمدی کوئلے سے8.79 فیصد ، مقامی گیس سے 8.05، درآمدی ایل این جی سے 19.51فیصد اور جوہری ایندھن سے 14.05 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔