سونے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، فی تولہ 3600 روپے مہنگا
عالمی وملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں آج دوسرے روز بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3600 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 73 ہزار 500 روپے ہو گئی۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 86 روپے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 10 گرام سونا 2لاکھ 34ہزار 482روپے کا ہوگیا۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں 36 ڈالر فی اونس کا اضافہ ہوا ہے ،قیمتوں میں اضافے کے بعد عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2 ہزار623 ڈالرز ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سونےکی فی تولہ قیمت میں 2500 روپے کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 69 ہزار 900 روپے پر پہنچ گئی تھی۔