آج کسی کو بھی پکڑ کر 90 دن تک تحویل میں رکھ سکتے ہیں، فضل الرحمان
پشاور: جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج کسی کو بھی پکڑ کر 90 دن تک تحویل میں رکھ سکتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں ترمیم کے بعد دھڑا دھڑ قانون سازی کرکے انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے، اپنے ہی ملک کے عوام کو دنیا کے سامنے مشکوک بنا دیا گیا ہے۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ 26ویں ترمیم پراختلاف رائے تھا اس لیے ایک ماہ تک مذاکرات ہوئے، نیب قانون کے مطابق ہر شہری پیدائشی مجرم تصور کیا جاتا تھا، 26ویں آئینی ترمیم سے شق نمبر 8 کو نکال دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا پتہ نہیں کل ہی برطانیہ سے آیا ہوں، صوبے کے عوام تکلیف سے گزر رہے ہیں، حکومت نے سیاست پر توجہ دی قیام امن پر نہیں جوغلط ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلوچستان میں بھی امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، بلوچستان میں حکومت کی رٹ نظرنہیں آرہی، عوام کے لیے حکومت کو پائیدار اقدامات کرنے پڑیں گے۔