ملکی سکیورٹی میں رکاوٹ بننے والے کو نتائج بھگتنا ہوں گے ، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو کوئی بھی پاکستان کی سیکیورٹی میں رکاوٹ بنے گا اور ہمیں اپنا کام کرنے سے روکے گا اسے نتائج بھگتنا ہونگے۔ ایپکس کمیٹی میٹنگ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں ہر پاکستانی سپاہی ہے، کوئی یونیفارم میں اور کوئی یونیفارم کے بغیر ہے، ہم سب نے ملکر دہشت گردی کے ناسور سے لڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پر آئین پاکستان مقدم ہے، آئین ہم پر پاکستان کی اندرونی اور بیرونی سیکورٹی کی ذمہ داری عائد کرتا ہے، جو کوئی بھی پاکستان کی سیکورٹی میں رکاوٹ بنے گا اور ہمیں اپنا کام کرنے سے روکے گا اسے نتائج بھگتنا ہونگے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے گورننس میں موجود خامیوں کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے شہیدوں کی قربانی دے کر پورا کر رہے ہیں۔