پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، بدقسمتی سے ہمارے تعلقات کی دو طرفہ تجارت میں عکاسی نہیں ہوتی، پاکستان اور ترکی کو باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔ ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان بزنس فورم سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں، ترکی نے زبردست ترقی کی ہے، ترکی نے انفراسٹرکچر کو بے پناہ ترقی دی، آج ترکی کی برآمدات 270 ارب ڈالرسے بڑھ گئی ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ قدرتی آفات کےوقت ترکی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، 2008 کے تباہ کن زلزلے میں ترکی نے پاکستان کی مدد کی۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی لازوال ہے، بدقسمتی سے ہمارے تعلقات کی دوطرفہ تجارت میں عکاسی نہیں ہوتی، پاکستان اور ترکی کو باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا، بعض ترک سرمایہ کاروں کے ساتھ عدم تعاون پر میں معذرت خواہ ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ترکی نے لاہور میٹرو بس منصوبے کا ڈیزائن بغیر معاوضے کے فراہم کیا، پاکستان اور ترکی ایک جان دو قالب ہیں۔ وزیراعظم نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یقین دلاتا ہوں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، ترکی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔