مانسہرہ:مسافر جیپ موڑکاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری۔ خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق
مانسہرہ کے علاقے بھوگڑمنگ سے بکی جانے والی مسافر جیپ موڑکاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری۔ ایک ہی خاندان کی تین خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق اور5شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں میں بھی 2خواتین شامل ہیں۔ جن کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ابتدائی کارروائیوں کے دوران زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔ جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں نکال کر پوسٹمارٹم اور دیگر قانونی تقاضوں کی تکمیل کے لئے ہسپتال منتقل کی گئیں اور بعد ازاں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مسافر جیپ نمبر QAE-1533 جسے ڈرائیو ر یاسین ولد اسماعیل چلا رہا تھا' حسب معمول بھوگڑمنگ سے پہاڑی علاقے بکی جا رہی تھی کہ یونین کونسل بھوگڑمنگ کے علاقے راٹھی کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں یوسف ، قاری غلام نبی، میاں گل، وزیر، اشفاق ، زیب اور جیپ ڈرائیوریاسین ولد اسماعیل موقع پر دم توڑ گئے۔ گاڑی میں سوار مسماة گل ناز بی بی زوجہ میاں ،اس کی بیٹی صائمہ اور ساس بدری جان بھی دم توڑ گئیں۔ حادثے میں دو خواتین بی بی زبیدہ اور میوہ جان بی بی سمیت 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور زخمیوں کی حالت بھی انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی قریبی آبادی کے مکین فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں قانونی تقاضوں اور پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ واقعہ کی اطلاع کے بعد پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے حسب المعمول مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ۔