بھارت جنگی جنون میں مبتلا ، ہم یہاں امن کے فروغ کیلئے کرکٹ کا جنون دکھا رہے ہیں۔ سعید غنی
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے جبکہ ہم یہاں امن کے فروغ کیلیے کرکٹ کا جنون دکھا رہے ہیں۔پی ایس ایل کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد ایف ٹی سی کے بمقابل گرین بیلٹ پر ہوا، جس میں کرکٹ سے محبت کرنے والے شہریوں کا جوش و خروش قابلِ دید تھا۔پاکستان کے قومی و ثقافتی رنگوں سے سجی اس تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا اس موقع پر سعید غنی کا کہنا تھا صوبائی حکومت کی جانب سے تمام اداروں کو پی ایس ایل کا جشن منانے کے لیے اجازت دی گئی ہے اور اس سلسلے میں حکومت بھی ان کے ساتھ تعاون کرے گی۔سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کو بھرپور طریقے سے خوش آمدید کہنے کے لیے شہر کو سجانے کی مہم کا آغاز کردیا گیا ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہری پی ایس ایل سے خوب لطف اندوز ہوں گے۔اس موقع پر کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے شہر میں امن و امان کی بحالی پر اگلا پی ایس ایل سیزن پاکستان میں منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پورے شہر میں پی ایس ایل کے سائن بورڈز آویزاں کردیے گئے ہیں، اور اب کراچی کے ہر حصے میں پی ایس ایل کا جشن ہوگا۔