امریکا اور یوکرین کے درمیان نایاب معدنیات کے خفیہ معاہدے

یوکرین کے قدرتی وسائل سے متعلق امریکا اور یوکرین کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔ خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کی اوّل نائب وزیراعظم نے مذکورہ معاہدے کی تصدیق کردی ہے۔ یوکرین کی اول نائب وزیراعظم یولیا سویریڈینکو نے کہا کہ انہوں نے معاہدے پر بدھ کو دستخط کر دیے ہیں۔ کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد ہونے والے معاہدے کے تحت یوکرین اپنی نادر معدنیات تک امریکا کو رسائی دے گا۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق امریکا یوکرین سرمایہ کاری اور تعمیر نو فنڈ قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے جنگ کے آغاز سے اب تک یوکرین کو دی گئی 175 ارب ڈالر امداد کی امریکا کو واپسی ممکن بنے گی۔امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک مل کر کام کریں گے اور مل کر سرمایہ کاری کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا چاہتا ہے کہ کوئی بھی ریاست یا ملک جس نے جنگ میں روس کی مدد کی ہے اسے یوکرین کی تعمیر نو میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔