سکول پر دھماکا تعلیم دشمنی، دہشتگرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے: وزیراعظم
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گرلز ہائی اسکول پر بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے دھماکے میں بچوں اور پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، شہباز شریف نے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا سکول پر دھماکا بلوچستان میں انکی تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشتگرد ایسے بزدلانہ حملوں سے ہماری قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ایسے حملے حکومت کے بلوچستان میں تعلیم و ترقی کے فروغ کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دینے والے پولیس افسران و جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے