سی این جی کی بندش، گیس کی قیمتوں میں اضافے اور ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، عوام بپھر کر سڑکوں، ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ۔
گیس کی قیمت میں اضافے پر ملک بھر میں سی این جی سٹیشنز کی ہڑتال جاری ہے جس پر ٹرانسپورٹرز نے بھی پبلک ٹرانسپورٹ بند کررکھی ہے جس کی وجہ سے عوام دوہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی،فیصل آباد اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عوام سراپا احتجاج ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور جڑواں شہروں میں لوگوں سڑکوں پر نکل آئے، مشتعل مظاہرین نے ٹائر نذر آتش کرکے اسلام آباد ایکسپریس وے کو کھنہ پل کے قریب بند کردیا، روات میں جی ٹی روڈ پر ٹرالرز کے کنٹینرز کھڑے کرکے سڑک بند کردی گئی ،ادھر بارہ کہو میں بھی مشتعل افراد نے شاہراہ کشمیر کو مکمل بند کردیا، کئی مقامات پر مشتعل افراد نے گاڑیوں پر پتھراؤاور شدید نعرے بازی کی۔ ادھر فیصل آباد اور ملتان میں بھی لوگوں نے احتجاج کیا۔ خیبر پختونخوا میں بھی سی این جی کی ہڑتال کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سی این جی نہ ملنے پر لوگوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی جنہوں نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پراحتجاجاً ٹائر نذر آتش کیئے اور نعرے بازی کی۔