میانوالی:دہشتگردوں کا قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پرحملہ،پولیس جوانوں نے ناکام بنادیا۔
میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پر پولیس نے دہشت گردوں کا حملہ موثر جوابی کارروائی کے بعد ناکام بنادیا، حملہ آور فرار ہوگئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 12 سے 14 خوارجی دہشت گردوں نے رات گئے قبول خیل چیک پوسٹ پر راکٹوں اور ہینڈ گرنیڈز سے حملہ کیا۔چیک پوسٹ پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان الرٹ تھے، شدید جوابی فائرنگ کے نتیجے میں بزدل دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے میں چیک پوسٹ پر تعینات 2 جوان گولی لگنے سے معمولی زخمی ہو گئے، دہشت گرد تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔اطلاع ملتے ہی ڈی پی او میانوالی اختر فاروق فوری طور چیک پوسٹ پہنچے وہ بالائی مورچے پر خود گئے اور جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر شاباش دی، زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ڈی ایس پی عیسیٰ خیل اور ایس ایچ او بھاری نفری کے ساتھ پولیس چیک پوسٹ پر پہنچے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔پولیس نے کہاکہ فراردہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچنے کے امکانات ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ڈی پی او میانوالی اور چیک پوسٹ قبول خیل کے بہادر اہلکاروں کو شاباش دی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں پنجاب پولیس پر دہشت گردوں کا یہ 9 واں حملہ ہے جو ناکام بنایا گیا، پنجاب پولیس بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس انشا اللہ آئندہ بھی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائے گی۔