پی ڈی ایم مسترد شدہ لوگوں کا ٹولہ ہے۔ مراد سعید
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ مسترد شدہ لوگوں کا ٹولہ ہے ، اگر یہ سو دو سو جلسے مزید کر لیں تو بھی انہیں این آر او نہیں ملے گا، فضل الرحمان اس وقت سیاست کے 12 ویں کھلاڑی ہیں، اپوزیشن کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ میں آ کر قانون سازی اور عوامی ایشوز پر بحث کریں، اپوزیشن پی ٹی آئی میں الیکٹڈ ارکان کو سائیڈ کرنے کی بات نہ کرے ، حکومتی اتحادی جماعتیں پارلیمان میں ہر معاملے میں ہمارے ساتھ ہیں، بعض معاملات میں اختلاف ہوتا ہے ۔ جمعرات کو وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ مسترد شدہ لوگوں کا ٹولہ ہے ۔ پی ڈی ایم نے ابھی صرف چند جلسے کئے ہیں ، اگر یہ سو دو سو جلسے مزید کر لیں تو بھی انہیں این آر او نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اس وقت سیاست کے 12 ویں کھلاڑی ہیں ا ور جس کا سربراہ ہی مسترد شدہ ہو تو ان کے بارے بات کرنے یا سوچنے کا کیا فائد ہے۔ فضل الرحمان کو تو اسلام آباد میں کشمیر کمیٹی کا چیئرمین بن کر فوائد چاہتے تھے لیکن جب یہ فوائد میسر نہیں ہے تو موقف کچھ اور ہے۔آج اسمبلی میں بیٹا بھی بیٹھا ہوا ہے لیکن تب بھی اسمبلی حرام ہے اور جب فضل الرحمان خود میدان میں نہیں ہوتے ہیں تو وہ چاہتے ہیں کہ میں نہیں کھیل رہا تو کسی کو کھیلنے بھی نہیں دونگا۔مراد سعید نے مزیدکہا کہ اپوزیشن کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ میں آ کر قانون سازی اور عوامی ایشوز پر بحث کریں،لیکن کشمیر کاز پر میٹنگ ہوتی ہے ، اپوزیشن شرکت نہیں کرتی، گلگت بلتستان کے آئین حقوق کے حوالے سے میٹنگ ہو تو اسے بائیکاٹ کر جاتے ہیں، کورونا کے حوالے سے اجلاس میں شرکت سے انکار کرتے ہیں جبکہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس بلایا جاتا ہے یہ اس میں بھی این آر او مانگتے ہیں جب نہیں ملتا ہے تو ایف اے ٹی ایف کے خلاف ووٹ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں الیکٹڈ ارکان کو سائیڈ کرنے کی بات تو اپوزیشن نہ کرے ایک نے پرچی لہرا اور وارث بن کر آ گیا، دوسرا جنرل جیلانی اور جنرل ضیاءکی گود سے جنم لے کر آیا ہے، یہ لوگ جمہوریت کی بات نہ ہی کریں تو بہتر ہے، مراد سعید نے کہا کہ حکومتی اتحادی جماعتیں پارلیمان میں ہر معاملے میں ہمارے ساتھ ہیں، بعض معاملات میں اختلاف ہوتا ہے جس پر گفتگو کی جاتی ہے اور اختلافات کی خبروں میں کچھ سچ اور کچھ جھوٹ ہوتا ہے لیکن اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو پر سوال ہونا چاہیے جس پر اس نے کہا ہے کہ اس کی کوئی جائیداد نہیں ہے اور یہ بات بھی یاد رکھیں کہ اسحاق ڈار کا انٹرویو میں سوال تحریک انصاف کا نہیں، غیر ملکی میڈیا کے تھے، انٹرویو میں اسحاق ڈار کو جس شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے ایسی ہی شرمندگی پورے شریف خاندان کو ہوئی ہے، شریف خاندان نے ہر کسی کو اپنا غلام سمجھا ہوا ہے، ہر جگہ جھوٹ بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے ہر ممکن کوشش حکومت کر رہی ہے میاں نواز شریف سند یافتہ چور ہونے کے بعد سرٹیفائیڈ اشتہاری بھی ہیں جبکہ وہ تو سرٹیفائیڈ ڈاکو اور سرٹیفائیڈ جھوٹے بھی ہیں۔