بھارت سے آنیوالی زہریلی ہواؤں سے لاہور کی فضا مضر صحت، سانس لینا بھی دشوار
بھارت سے آنے والی زہریلی ہواؤں سے پاکستان کی فضا زہر آلود ہونے لگی، باغوں کے شہر کو سموگ نے جکڑ لیا، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج بھی پہلے نمبر پر ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں سموگ کی اوسط شرح خطرناک حد بھی پار کر گئی جس سے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1173 تک پہنچ گیا۔ لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 8 میں فضائی آلودگی کا معیار 1917 ہوگیا، گلبرگ میں اے کیو آئی 1515، مراتب علی روڈ پر 1527 اور عسکری ٹین میں 1257 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں بارش کا کوئی امکان نہیں، ہوا نہ چلنے سے سموگ کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ ملتان اور پشاور میں بھی سموگ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سانس کے مسائل، آنکھوں میں جلن کی شکایات عام ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہن کر گھروں سے نکلنے کی ہدایت کی ہے۔